Recent News

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، راجہ شہباز خان نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) پاکستان کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع اور 24 انتخابی حلقوں میں انتخابی فہرستوں (الیکٹورل رولز) کی شفافیت، درستگی اور بروقت اپڈیٹس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نادرا کی جانب سے فراہم کردہ جدید سافٹ ویئر مکمل طور پر کامیابی سے ڈیپلائی کیا جا چکا ہے، جو الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے ساتھ مربوط کر دیا گیا ہے۔ اس پیشرفت کے بعد انتخابی فہرستوں میں کسی بھی قسم کی ترمیم یا اپڈیٹ نادرا کے ڈیٹا سے خودکار طور پر ہم آہنگ (Reflect) ہو گی۔ اس نظام کے تحت جو بھی نیا قومی شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا، وہ براہ راست انتخابی فہرست میں بھی نظر آئے گا۔ آئندہ مراحل میں تمام 24 حلقوں کے متعلقہ رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فارم اور ڈیٹا مہیا کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر انتخابی معلومات نادرا کے نظام سے منسلک ہو کر اپڈیٹ ہوں گی۔ چیئرمین نادرا نے ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کے اقدامات کو سراہا اور آنے والے بلدیاتی و عام انتخابات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں، نادرا کی ٹیکنیکل ٹیم عنقریب الیکشن کمیشن گلگت بلتستان میں قائم جدید لیب کا بھی دورہ کرے گی، تاکہ وہاں تکنیکی بہتری اور ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل نادرا، پروویشنل الیکشن کمشنر گلگت بلتستان عابد رضا سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اس اہم ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اور نادرا کے درمیان یہ اشتراک انتخابی عمل کی شفافیت، درستگی اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔

10:32:54 AM 04 August, 2025